اسلام آباد:22دسمبر2011 (پ۔ر)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ پالیسی ڈائیریکٹو کی روشنی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سیلولر موبائل براڈ بینڈ سروسز کیلئے فریکونسی سپیکٹرم کی نیلامی کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس سروس کے لئے لائسنس ٹیکنالوجی نیوٹرل ہوگا اورلائسنس کی حامل کمپنی کسی بھی قسم کی ٹیکنالوجی بشمول تھری جی ، فور جی اور ایل ٹی ای وغیرہ متعارف کرا سکتی ہے ۔
اس نیلامی کے انعقادکا انفارمیشن میمورینڈم پی ٹی اے کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے ۔نیلامی کے انعقاد کا امکان مارچ2012میں ہے جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔نیلامی کی نگرانی جوائنٹ پروفیشنل گروپ (آکشن سپروائزری کمیٹی) کے ذمہ ہوگی جس میں پبلک سیکٹر سٹیک ہولڈرز بشمول وزارت خزانہ ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ، پی ٹی اے اور ایف اے بی وغیرہ کے نمائندے شامل ہونگے ۔نیلامی کے شفاف انعقاد کیلئے پی ٹی اے نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔
ممکنہ سرمایہ کاروں کی آگاہی اور معلومات کیلئے پی ٹی اے کراچی اور اسلام آباد میں انوسٹر کانفرنس کا انعقاد بھی کرے گی ۔اس کے علاوہ ایک بین الاقوامی روڈ شو بھی منعقد کیاجائے گا۔نیلامی کاشیڈول بہت جلد پیش کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں ملکی اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہو گا ۔ملک میں سیلولر موبائل براڈ بینڈ سروسز کا آغاز صارفین کیلئے مزیدجدید ترین سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا ۔ یہ اقدام موبائل صارفین اور پروفیشنلز کی جانب سے کی جانے والی نئی ٹیکنالوجی کی مانگ کو بھی پورا کرے گا۔
No comments:
Post a Comment